اسلام آباد،13نومبر ( اے پی پی): وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل سوبرزادہ امام علی عبدالرحیم نےجمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور کے علاوہ دفاعی تعاون میں اضافے کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان پورے خطے بالخصوص وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
خواجہ آصف نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔
تاجک وزیر دفاع نے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ ملکرکام کرنے کا عہد کیا۔











