وانا، 15 نومبر( اے پی پی:( وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا جہاں آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا ساؤتھ میجر جنرل مہر عمر خان نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِ داخلہ نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے اور کیڈٹس و اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج اور ایف سی کے افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔
محسن نقوی کو حملہ ناکام بنانے کے آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کی جرات، بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیرِ داخلہ نے کیڈٹ کالج وانا کے طلباء اور اساتذہ کے بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت سے عاری درندے ہیں، کوئی بھی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن سانحہ اے پی ایس جیسی کارروائی کرنا چاہتا تھا مگر بہادر جوانوں نے حملہ ناکام بنا کر خوارجیوں کو جہنم واصل کردیا اور بڑی سازش ناکام بنائی۔
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج اور ایف سی کے افسران و جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔











