وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی انقرہ میں صدر ترک ہلالِ احمر ریڈ کریسنٹ سے ملاقات

8

اسلام آباد، 24 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے انقرہ میں ترک ہلالِ احمر ریڈ کریسنٹ کے صدر سے ملاقات کی جس میں صحت اور انسانی بہبود کے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ صحت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ گہرے اور مضبوط مراسم ہیں۔ ملاقات میں خصوصاً خون کی خدمات کے شعبے میں اشتراکِ عمل کو بڑھانے پر زور دیا گیا جن میں جدید بلڈ بینک مینجمنٹ سسٹمز، حفاظتی معیارات اور استعداد کار میں اضافے کی سرگرمیاں شامل ہیں۔

فریقین نے ہیلتھ انشورنس سسٹمز کے میدان میں تجربات کے تبادلے کے امکانات پر بھی گفتگو کی جس میں بہترین عالمی طریقۂ کار، پالیسی ڈیزائن اور سروس ڈیلیوری ماڈلز پر خصوصی توجہ شامل تھی۔

ملاقات میں مشترکہ تربیتی پروگراموں اور تکنیکی تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور مضبوط، جامع اور پائیدار صحت معاونتی نظاموں کی ترقی کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔