وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بکوٹ سرکل کے نمائندہ وفد کی ملاقات

14

اسلام آباد،  18نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام سے آل پارٹیز ایکشن کمیٹی یو سی سرکل بکوٹ، ضلع ایبٹ آباد اور گرد و نواح کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔

وفد کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وفد نے اپنے علاقے کے اہم مسائل، خصوصاً کوہالہ ساور گلی تا بوئی تک ایکسپریس وے سڑک کی تعمیر اور ضلع مری کے علاقے کوہالہ میں 100 سے 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر کے مطالبات پیش کیے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام مطالبات حکومتِ پنجاب اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اکثر مطالبات براہِ راست صوبائی حکومتوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں، اس لیے ان کا حل دونوں صوبوں کی جانب سے عملی اقدامات کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح اور علاقائی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔

آل پارٹیز ایکشن کمیٹی نے وفاقی وزیر کے تعاون کی یقین دہانی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومتیں مطالبات کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گی۔