اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت سید عمران احمد شاہ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کی، جس میں حکومتی فلاحی اقدامات اور غربت میں کمی کے لیے جاری کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سید عمران احمد شاہ نے وزارتِ تخفیفِ غربت کے فلاحی پروگرامز پر بریفنگ دی اور بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام اور نشوونما اسکیم کے ذریعے لاکھوں مستحقین کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے منصوبے معاشی خود انحصاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان بیت المال کے ذریعے مستحق خاندانوں کو مالی معاونت دی جا رہی ہے۔
دونوں وزراء نے فلاحی منصوبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح اور غربت میں کمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے اپنے حلقے میں جاری امدادی سرگرمیوں اور فلاحی منصوبوں پر بھی بات چیت کی۔











