اسلام آباد،24 نومبر(اے پی پی ):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاھب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے عالمی مقابلہ حسن قرات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی اور بابرکت دن ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ہم یہاں پر پہلا عالمی مقابلہ حسن قرات منعقد کرا رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر ہم نے جن اصلاحات کا آغاز کیا تھا ہماری کوشش ہے کہ ہم وزارت مذہبی امور کو انہیں خطوط پر دوبارہ استوار کریں۔
موجودہ دور میں وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے علماء و مشائخ کونسل کا کنونشن منعقد کرایا ہے، نظام صلوۃ اور قرآن بورڈ کے قیام کے لیے کام کا اغاز کیا، قرآن حکیم سرچشمہ ہدایت ہے اس حوالے سے تقریب کا انعقاد انتہائی خوشی کا باعث ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ دنیا کے 40 ممالک سے قراء حضرات اس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں جو ہمارے لئے بڑی سعادت کی بات ہے،اس سے ہمیں دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل ہوگی، قرآن کی زبان عربی ہے جو ہم سب کے لیے سیکھنا لازمی ہے تاکہ ہم قران پاک کو پڑھ اور سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، مصر ،ترکی ،ایران اور یو اے ای کی طرز پر ہم پاکستان میں بھی نظام صلوۃ نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے اس حوالے سے وزارت مذہبی امور اپنا کام جاری رکھے گی۔











