اسلام آباد، 07 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک کی زیرِ صدارت جمعے کے روز یہاں وزیرِاعظم کی فلم و سنیما کی بحالی سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی ثقافت و ورثہ حذیفہ رحمان، اور وزارتِ اطلاعات و نشریات اور وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان میں فلم سازی، تقسیم اور نمائش سے متعلق موجودہ ادارہ جاتی و ریگولیٹری ڈھانچوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا تاکہ ملکی فلمی صنعت کی پائیدار ترقی اور بحالی کو ممکن بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے سنیما کو ثقافتی اظہار، تخلیقی معیشت اور قومی بیانیے کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسیوں کو عالمی فلمی رحجانات کے مطابق ڈھالا جائے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے، مقامی مواد کی تیاری کو فروغ دیا جائے، اور ایسی فلموں کی سرپرستی کی جائے جو پاکستان کی متنوع ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔











