اسلام آباد ، 21 نومبر ( اے پی پی ): دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی حمایت کی وجہ سے پاکستان نے سرحدی گزرگاہیں بند کر دی ہیں اور افغانستان کے ساتھ تمام تجارت معطل کر دی ہے۔
آج بروز جمعہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرحدی گزرگاہیں کھولنے میں تاخیر کی ذمہ داری افغان طالبان پر عائد ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان کو چاہیے کہ وہ فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور ان سے منسلک دہشت گرد تنظیموں کی حمایت بند کریں۔











