پاکستان کسٹمز کی ڈی آئی خان میں اہم کاروائی، مسافر بس سے اکانوے کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

10

اسلام آباد ، 12 نومبر (اے پی پی) کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) پشاور کی ہدایت اور ڈپٹی کلکٹر کسٹمز ڈی آئی خان-II کی جانب سے موصولہ مصدقہ اطلاع پر انسدادِ اسمگلنگ کی بڑی کارروائی میں جے سی پی امان میلہ پر ایک مسافر بس سے بیرونِ ملک ساختہ منشیات کی بڑی مقدار برآمد کر لی۔

کارروائی میں شامل ٹیم نے فوری طور پر منشیات کو ضبط کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

تفصیلی تلاشی کے دوران مشتبہ اشیاء میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہوئی۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 15 پیکٹس شامل تھے جن کا مجموعی وزن 15,350 گرام تھا اور نمونہ لینے کے بعد خالص وزن 15,200 گرام رپورٹ ہوا۔ برآمدہ منشیات کی مالیت کا تخمینہ اکانوے کروڑ روپے جبکہ ضبط شدہ بس کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، یوں کیس کی کل مالیت کا تخمینہ ساڑھے بانوے کروڑ روپے بنتا ہے۔

برآمد شدہ سامان کو سرکاری گودام منتقل کیا گیا اور اس دوران کسٹمز ٹیم کو حفاظتی تعاون فراہم کیا گیا جس سے تمام اہلکار اور ضبط شدہ سامان محفوظ طور پر گودام تک پہنچائے گئے۔

یہ کامیاب کارروائی ایف بی آر کے اسمگلنگ اور منشیات کی تجارت کے خلاف پرعزم ہونے کی عکاسی کرتی ہے۔