چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاسے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل سوبرزادہ امام علی عبدالرحیم کی ملاقات

14

راولپنڈی، 12 نومبر(اے پی پی ): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاسے  تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل سوبرزادہ امام علی عبدالرحیم نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ دلچسپی کے امور بالخصوص موجودہ عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔ معززین نے ان اقدامات کا بھی جائزہ لیا جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے دائرہ کار اور سطح کو مزید بڑھانا ہے۔

چیئرمین جے سی ایس سی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور تاجکستان برادر ممالک کے طور پر اپنے دفاعی تعلقات کو مضبوط اور وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں۔

معزز مہمان نے انسداد دہشت گردی اور امن کی کوششوں میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور کامیابیوں کو سراہا۔

قبل ازیں سہ فریقی دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔