ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کے زیر اہتمام گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈز کی ساتویں ایڈیشن کی تقریب

52

اسلام آباد، 26 نومبر (اے پی پی): ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کے زیر اہتمام گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈز کے ساتویں ایڈیشن کی پروقار تقریب بدھ کو منعقد ہوئی، جس میں سفیروں، بین الاقوامی معززین، کاروباری رہنماؤں، سرکاری افسران اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد پاکستان کے دو طرفہ اور کثیر الجہتی تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی خدمات کو سراہنا تھا۔ اس موقع پر سفارتی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

تقریب میں وزیرِ مملکت و وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان اور صدرِ پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاکستان کے عالمی روابط، سفارتی کوششوں اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فرحت آصف نے بھی ادارے کی خدمات اور عالمی سطح پر مثبت مکالمے کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں سفیروں، سینئر سرکاری حکام، بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں، کاروباری شخصیات، تعلیمی ماہرین اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔