اسلام آباد ، 28 دسمبر ( اے پی پی): اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیپٹل اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد ہو گی۔
وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر شہر کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امنِ عامہ کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کنٹرول روم میں قائم اسپیشل چائنیز ڈیسک پر سیکیورٹی سرویلنس کا بھی معائنہ کیا۔
سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹل اسمارٹ سٹی میں ریسکیو 1122، ٹریفک، سیکیورٹی اور سی ڈی ایم اے کو ایک مرکزی نظام میں ضم کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کے دائرہ کار کو مستقبل میں پورے ملک تک وسعت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے کیپٹل اسمارٹ سٹی منصوبے کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا اور سیف سٹی میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی سے کیپٹل اسمارٹ سٹی منتقلی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ محرم الحرام کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے وقت اور وسائل کی نمایاں بچت ہوئی۔











