اسپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی  لائبریری میں “کشمیر کارنر” کا افتتاح کر دیا

16

اسلام آباد: 8 دسمبر)اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پیر کے روز قومی اسمبلی کی لائبریری میں “کشمیر کارنر” کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ اور کشمیری قیادت غلام محمد صفی کنوینر حریت کانفرنس، محمد فاروق رحمانی،۔محمود احمد ساغر، عبدالحمید لون، شیخ عبد المتین، مشتاق احمد بٹ، مزمل ایوب ٹھاکر لال حسین راجپوت بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہر فورم جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم کا موقف ہمیشہ سے یکساں اور دوٹوک رہا ہے۔

 اسپیکر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

کشمیر کارنر کے قیام کا مقصد مسئلہ کشمیر کے تاریخی، سیاسی اور انسانی پہلوؤں سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی ہے۔ اس کارنر میں شہدائے کشمیر کی نایاب تصاویر، تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ پر مبنی اہم کتابیں، دستاویزات اور تحقیقی مواد رکھے گئے ہیں۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ کشمیر کارنر نوجوان نسل، محققین اور اراکینِ پارلیمنٹ کے لیے ایک مؤثر تحقیقی اور معلوماتی ذریعہ ثابت ہوگا، جو انہیں کشمیری عوام کی طویل جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرے گا۔تقریب کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ کشمیری قیادت نے قومی اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر کے قیام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور مؤثر قدم قرار دیا۔

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے کہا کہ کشمیر کارنر کا قیام اسپیکر قومی اسمبلی کا قابلِ تحسین اقدام ہے، جس کے ذریعے پارلیمنٹیرینز اور محققین کو قابلِ اعتماد معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ  سینیٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں کی لائبریریوں میں بھی کشمیر کارنر قائم کیے جائیں گے، تاکہ ملک گیر سطح پر اراکین پارلیمنٹ، عوام اور بلخصوص نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہی میں اضافہ ہو۔