اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر سخت ریمارکس

12

اسلام آباد،01 دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ روز ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور جمہوریت مخالف بیانات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئےسپیکر نے آگاہ کیا کہ مذکورہ رکن اسمبلی نے ایوان کے اندر آکر اپوزیشن لابی میں یہ اعلان کیا کہ وہ ایوان کی کارروائی میں مداخلت کرنے کے لیے چیئر تک جائیں گے۔اسپیکر نے نشاندہی کی کہ کل پھر اسی رکن نے ایک اور غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان دیا کہ وہ عوام کو استعمال کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کارروائی روکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2014 میں بھی ہم نے ایسے حالات کا سامنا کیا تھا اور اُس وقت بھی پارلیمنٹ نے آئین اور جمہوریت کے تحفظ  کے لیے بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ آج بھی ہم پوری طرح تیار ہیں کہ ایسی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

پیکر سردار ایاز صادق نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس پارلیمنٹ کا تحفظ کرنا اُن کی آئینی ذمہ داری ہے، اور ایوان و ریاست کے خلاف بیانات نہ صرف انتہائی نامناسب ہیں بلکہ جمہوری عمل کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے کہا ایسی سوچ اور بیانات کو ہمیں سب نے مل کر روکنا ہے تاکہ پارلیمنٹ کی بالادستی، آئینی نظام اور جمہوری روایات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔