اقوامِ متحدہ، 11 دسمبر ( اے پی پی): پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے پھوٹنے والی دہشت گردی پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختاری کے لیے سب سے سنگین خطرہ ہے۔ داعش خراسان (ISIL-K)، القاعدہ، ٹی ٹی پی، ای ٹی آئی ایم (ETIM)، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سمیت متعدد دہشت گرد تنظیمیں افغانستان کی سرزمین پر محفوظ پناہ گاہوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ درجنوں دہشت گرد کیمپ وہاں موجود ہیں جو سرحد پار دراندازی اور خودکش حملوں سمیت تشدد آمیز کارروائیوں کو ممکن بناتے ہیں۔طالبان کے اقتدار سنبھالنے کو چار سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے،ایک ایسا واقعہ جس نے خانہ جنگی کا خاتمہ کیا اور افغانستان کے لیے امید کی ایک کرن پیدا کی،طالبان سے بین الاقوامی برادری کی کئی توقعات وابستہ تھیں،بالخصوص اس عہد کی پاسداری کہ افغان سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا، بدقسمتی سے، بین الاقوامی برادری کے ابتدائی تحفظات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ درست ثابت ہوتے گئے اور مزید گہرے ہوتے چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اچھے ہمسائیگی کے تقاضوں اور ایک پُرامن و مستحکم افغانستان کے لیے ہماری دیرینہ وابستگی اور دلچسپی کے تحت، پاکستان نے اس تمام عرصے کے دوران طالبان حکام کے ساتھ باقاعدہ اور مسلسل رابطہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ صرف اس سال ہی ہم نے افغانستان کے کئی اعلیٰ سطحی دورے کیے، متعدد نئے اقدامات شروع کیے، انسانی ہمدردی کی امدادی کوششوں میں تعاون کیا، سامان کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کی، اور تجارت و ٹرانزٹ میں رعایات کا اعلان کیا۔ ہم افغانستان سے متعلق مختلف علاقائی عملوں (Processes) میں بھی فعال طور پر شریک رہے ہیں۔
افغانستان ایک بار پھر دہشت گرد گروہوں اور ان کے پراکسی (Proxy) عناصر کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے، جس کے تباہ کن نتائج اس کے ہمسایہ ممالک، خصوصاً پاکستان، کے لیے شدید سکیورٹی چیلنجز اور خطے سے باہر تک اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
افسوسناک طور پر، طالبان کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس، مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیوں کے بجائے، ہم نے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں شدید اضافہ دیکھا،ایسے حملے جو طالبان کے زیرِ انتظام افغان سرزمین سے منصوبہ بندی، مالی تعاون اور عمل درآمد کے ساتھ کیے گئے۔ صرف اس سال ہی افغانستان سے آنے والی دہشت گردی کے باعث ہماری تقریباً 1,200 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ 2022 سے اب تک، پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران 214 سے زائد افغان دہشت گرد، جن میں خودکش بمبار بھی شامل ہیں، کو مارا بنایا جا چکا ہے۔
ہمارا یقین ہے کہ کو اپنی ذمہ داری کے مطابق افغانستان اور خطے میں غیر قانونی تجارت، چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں کے غیرمستحکم کرنے والے پھیلاؤ اور ان کی منتقلی کو روکنے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔











