ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں انٹرنیشنل والنٹیئر ڈےسرٹ چیلنج 2025 کا افتتاح

40

لاہور،01 دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج 2025 کا افتتاح کیا۔چین کی ٹیموں سمیت پاکستان بھر سے والنٹیئرز کی 61 ٹیمیں اس انٹرنیشنل چیلنج میں حصہ لے رہی ہیں۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔والنٹیئرز کے چاک و چوبند دستوں نے پاکستان اور چین کے قومی ترانوں کی دھنوں پر چبوترے کے سامنے سلامی بھی پیش کی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے چین کی والنٹیئرز ٹیموں سمیت تعلیمی اداروں، صنعتی شعبہ جات اور یونین کونسلوں سے آنے والی کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کو خوش آمدید کہا۔صوبائی وزیر نے اقوامِ متحدہ کی انچارج ورلڈ فوڈ پروگرام پنجاب ڈاکٹر عمارہ خان کو بھی خوش آمدید کہا۔

صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ایمرجنسی سروسز کو نیکسٹ لیول پر لے جا رہے ہیں۔میرا اس ادارے سے 2010 کے سیلاب سے طویل عرصے کا تعلق قائم ہے۔ہمارے ریسکیورز ایمرجنسی سروسز، فائر فائٹنگ اور پیشنٹ ٹرانسفر کیلئے بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔سیلاب 2025 میں ریسکیورز نے انتہائی احسن طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دیئے ہیں۔سخت موسم میں بھی ریسکیورز سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں مصروف رہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ والنٹیئرز ہمارے معاشرے کا حسن ہیں۔اس ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، پنجاب اور آزاد کشمیر کے والنٹیئرز کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جاتی ہے۔اس چیلنج کا مقصد پنجاب بھر میں قائم کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں، طبی اداروں کی نمائندہ ٹیموں کے ساتھ خطے اور پاکستان بھرکی دیگررضا کارٹیموں کی استعدادکار کو بہتر بنانا اور ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی فلاحی منصوبوں پر دن رات مصروف عمل ہے۔طلباء کیلئے بہت جلد ریسکیو 1122 میں انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کے تحت ایئر ایمبولنس سروس، موٹروے ایمبولنس کی توسیع اور نئی ایمبولنسز کے اضافے نے ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے رضاکاروں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان اپنے علاقوں میں محفوظ معاشرے کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں انٹرنیشنل والنٹیئرز چیلنج کے انعقاد پر سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر اور ان کو ٹیم کی کاوشوں کو بے حدسراہا۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ اپنا وقت ضائع کرتا ہے یا پھر خدمت انسانیت میں صرف کرتا ہے۔رضاکار قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جو کمیونٹیز کے فرسٹ رسپانڈرکے طور پر ہنگامی حالات سے نمٹنے میں معاونت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے انٹرنیشنل چیلنج میں حصہ لینے والی کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ ٹیمیں ابتدائی انٹرا یونین کونسل مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعدانٹر نیشنل والنٹیر ڈے سرٹ چیلنج 2025میں اپنے ضلع، ادارہ اور علاقے کی بحیثیت چیمپئن نمائندگی کر رہی ہیں۔ایمرجنسی سروسز ریسکیو اسکاؤٹ کور اور پاک لائف سیور کا پروگرام لانچ کر چکی ہے۔تمام طلباء کو آن لائن رجسٹریشن، ٹریننگ، ٹیسٹ کے لیے ریسکیو اسکاؤٹس ایپ اور پاک لائف سیور ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے ریسکیو اسکاؤٹ کور میں شامل ہونا چاہئے۔اقوام متحدہ کی ورلڈ فوڈ پروگرام کی صوبائی انچارج ڈاکٹر عمارہ خان نے کہاکہ انٹر نیشنل والنٹیرڈے سرٹ چیلنج 2025 کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر بے حد فخر محسوس کر رہی ہوں۔مجھے پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین سے آنے والے رضاکاروں کے جذبے نے بے حد متاثر کیا ہے۔رضاکار پیشہ ور ایمرجنسی سروسز کی آمد سے قبل بروقت امداد فراہم کر کے قیمتی انسانی جانیں بچاتے ہیں اور یہی خدمتِ خلق ان کی اصل پہچان ہے۔ڈاکٹر عمارہ خان نے کہاکہ حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جس نے رضاکاروں کی مہارت، ہم آہنگی اور ٹیم ورک کو مزید مضبوط بنانے کیلئے یہ پلیٹ فارم فراہم کیا۔انٹر نیشنل والنٹیئر ڈے سرٹ چیلنج 2025 یکم دسمبر سے پانچ دسمبر تک ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور پاکستان میں جاری رہے گا۔تمام ٹیموں کو کمیونٹی ایکشن برائے ڈیزاسٹر رسپانس سکلز کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔والنٹیئرز کو حقیقت سے قریب تر ایمرجنسی صورتحال میں زیادہ تعداد میں موجود زخمیوں کوبروقت مدد،سرچ اینڈ ریسکیو کی تکنیک،زندگیاں بچانے کی مہارتیں،آگ لگنے اور پانی میں ڈوبنے کے واقعات اور متاثرہ لوگوں کوکیسے ریسکیو کیا جاتا ہے شامل ہیں۔