ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا بوسن روڈ پر انسدادِ تجاوزات آپریشن، متعدد مقامات سے رکاوٹیں کلیئر

40

ملتان ، 3 دسمبر (اے پی پی):ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا بوسن روڈ پر انسدادِ تجاوزات کے حوالے سے گشت جاری ہے۔ انفورسمنٹ سکواڈ نے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف اہم چوکوں اور مقامات سے تجاوزات کلیئر کرادیں۔

ترجمان کے مطابق ایم ڈی اے چوک، آرٹس کونسل چوک، کلمہ چوک، نواں شہر چوک، چونگی نمبر 7، چونگی نمبر 8 اور چونگی نمبر 9 کے اطراف سے غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے یہ کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

مزید بتایا گیا کہ بوسن روڈ پر تجاوزات کی روک تھام کے لیے ایم ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چونگی نمبر 6 پر قائم انسدادِ تجاوزات کیمپ پر بھی عملہ تعینات کر دیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور کارروائی کا عمل جاری رکھے گا۔