اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سرحدوں کے محافظوں کیلئے مخالفین کی زبان استعمال کی گئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور میں بارہا کہہ چکے ہیں کہ مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں۔
بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اور وزیراعظم نے بارہا اپوزیشن کو کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں جس کے جواب میں یہ کہا گیا کہ ہم آرمی چیف فیلڈ مارشل سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس فوج نے بھارت سے جنگ جیتی اسی کے خلاف زبان استعمال کی گئی، پارلیمنٹ کے فلور کو عدلیہ مخالف زبان کیلئے استعمال کیا گیا، سرحدوں کے محافظوں کیلئے بھی مخالفین کی زبان استعمال کی گئی، کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ پارلیمنٹ کے فلور کو فوج اور عدلیہ مخالف بیان کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور فوج کے خلاف ٹویٹ کئے گئے، حزب اختلاف حالات کو اس نہج پر لے گئی ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہے، میں نے مذاکرات کیلئے چار قدم بڑھائے مگر اب 40 قدم پیچھے ہو گیا ہوں، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سیاست بھی ہے اور سب کچھ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو اچھی بات ہے۔











