اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ کاروباری سہولت مراکز کے قیام ، آسان کاروبار ایکٹ اور جامع ریگولیٹری اصلاحات جیسے اقدامات کو فعال طور پر آگے بڑھا رہا ہے، خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مراعات دی جا رہی ہیں جن میں 2035ء تک دس سال تک ٹیکس میں رعایت اور مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی سے استثنیٰ بھی شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) اور چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) کے اشتراک سے‘‘چین۔پاکستان اقتصادی شراکت داری کا نیا وژن’’ (ڈرائیونگ انوویشن ، شیئرنگ پراسپیریٹی )کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار منگل کو سرمایہ کاری بورڈ میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد پاک۔چین اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا جس میں خصوصاً جدت، سرمایہ کاری، عوامی مرکزیت پر مبنی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کی پالیسی ہم آہنگی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اپنے صدارتی خطاب میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مجھے چین کے ساتھ تجارت کا طویل تجربہ ہے اور میں نے چین کی شاندار ترقی کا سفر قریب سے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے انسانی ترقی کو اپنی پالیسیوں کا مرکز بنایا اور معروف پاکستانی ماہر معاشیات ڈاکٹر محبوب الحق کے ترقیاتی نظریات نے کئی ممالک میں سوچ اور منصوبہ بندی کی رہنمائی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ تعلقات میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور اہم عالمی سفارتی مراحل میں بھی دونوں ممالک قریب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ایک ہے اور پاکستان چین کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ خصوصاً چین سے سرمایہ کاری میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی او آئی بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر، آسان کاروبار ایکٹ اور جامع ریگولیٹری اصلاحات جیسے اقدامات کو فعال طور پر آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مراعات دی جا رہی ہیں جن میں 2035ء تک دس سال تک ٹیکس میں رعایت اور مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی سے استثنیٰ بھی شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بی او آئی سرمایہ کاروں کی سہولت ، پاک۔چین اقتصادی تعاون کے فروغ اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔











