اسلام آباد،01دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ نے سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم کو سیاسی، ادبی اور جمہوریت کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، ادب، صحافت اور سیاست کے شعبوں میں ان کی قابل قدر خدمات تاریخ کا اہم باب ہیں۔ پیر کو سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کے سوگواران میں صرف ان کا خاندان نہیں بلکہ ہم بھی شامل ہیں۔ مرحوم انتہائی شفیق اور محبت کرنے والی شخصیت کے مالک تھے، ان کی رہنمائی ہمارے لئے مشعل راہ تھی۔ وزیراطلاعات نے مرحوم عرفان الحق صدیقی کی خدمات کے اعتراف میں اقدامات تجویز کرنے کے لئے کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عرفان صدیقی نے فرض شناسی اور خلوص کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عرفان الحق صدیقی سے میری پہلی ملاقات ایوان صدر میں ہوئی، میں نے انہیں انتہائی محبت کرنے والا شخص پایا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان الحق صدیقی کی آواز سن کر ہمیں حوصلہ ملتا تھا، ان کے انداز بیاں میں ایک حوصلہ تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عرفان الحق صدیقی کا انتقال صرف ان کی فیملی کا نقصان نہیں بلکہ پوری قوم کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان الحق صدیقی کی بے بنیاد اور جھوٹے مقدمہ میں گرفتاری ہوئی، ہر وہ شخص جو اس گھناؤنے جرم میں ملوث تھا وہ ندامت سے ان سے آنکھ نہیں ملا پایا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان الحق صدیقی کی قربانیاں تاریخ کا حصہ بن گئی ہیں۔ جمہوریت کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور سینیٹر ان کا ایوان کے اندر بڑا اہم کردار تھا۔ اطلاعات و نشریات کی کمیٹی میں ان سے ملاقات ہوتی رہی، وہ ہماری شیلڈ تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے، وہ ایک ماہر تعلیم، مصنف، دانشور اور صاحب طرز کالم نگار تھے۔ عرفان صدیقی کی تحریروں میں سنجیدگی، توازن اور فکری گہرائی نمایاں تھی۔ انہوں نے سیاست میں اصول، برداشت، تحمل اور رواداری کو فروغ دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مرحوم ایک شریف النفس، محب وطن اور شفیق استاد تھے۔ سینیٹرعرفان الحق صدیقی کی علمی، ادبی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب کے آخر میں سینیٹر عرفان الحق صدیقی مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔











