شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل، آئندہ ہفتے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، چیئرمین سی ڈی اے کی وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ

13

اسلام آباد۔23دسمبر  (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں عوامی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے ئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، انڈر پاس کا سٹرکچرل کام مکمل ہے جبکہ روڈ ورک اور فنشنگ کے آخری مراحل  کا کام جاری ہے۔وزیر داخلہ نے منصوبے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بقیہ کاموں کو تیز کر کے اسے آئندہ ہفتے ہر صورت ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے تاکہ مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو سکے اور شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں کے دوران معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی سخت تاکید کی اور ہدایت کی کہ منصوبے کے اطراف میں جدید لینڈ سکیپنگ اور شجرکاری کی جائے تاکہ وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شاہین چوک انڈر پاس کی تکمیل سے اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے جنہوں نے منصوبے کے فنی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔