شہید محترمہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد

8

اسلام آباد، 30دسمبر(اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، افسران اور عملہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی طاقت، حوصلہ اور فکری آزادی بی بی شہید کے نام سے حاصل کرتی ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام گزشتہ 18 برسوں سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہے اور آج ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات پر سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے مستحق خواتین کی مالی نظام میں شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جو دنیا کی تاریخ میں ایک منفرد اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے وظائف حاصل کر رہے ہیں جبکہ بینظیر ہنرمند اور بینظیر نشوونما پروگرام خواتین، ماؤں اور بچوں کی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات ہیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ خواتین کے حقوق، سماجی تحفظ اور معاشی خودمختاری کے لیے اپنی خدمات کا سفر جاری رکھے گا۔

تقریب کے دوران بی آئی ایس پی آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر سردار عظمت نے بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہید محترمہ کی یاد میں کلام اور نغمے پیش کیے گئے جبکہ اختتام پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے چیئرمین سینیٹ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔