ملتان ،24دسمبر ( اے پی پی ): ملتان، 24 دسمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔اس سلسلے میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسیحی برادری کے افراد میں کرسمس گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق اور سٹی پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر بھی شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے مسیحی بھائیوں کے ہمراہ کرسمس کیک بھی کاٹا اور انہیں تہوار کی مبارکباد دی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہیں، کرسمس گرانٹ کی بروقت فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں اور کرسچن کالونیوں میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات مثالی بنائے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر مذہب اور ہر برادری کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔











