فوج اور سپہ سالار کے خلاف پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں ،حا فظ طا ہر محمود اشرفی

7

لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فوج اور سپہ سالار کے خلاف پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں ہے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایک ہفتہ سے سوشل میڈیا پر سپہ سالار حا فظ سیدعا صم منیر کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے ڈرامہ لگایا گیا ،فوج و سپہ سالار کے خلاف پروپیگنڈہ کیاگیا ۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ فوج کسی مکتبہ فکر یا جماعت کی نہیں بلکہ پاکستانیوں کی ہے ، تنقید کرنے والی جماعت جب اقتدار میں تھی تو فوج اچھی تھی جب اقتدار میں نہیں تو انہیں برا کہتے ہیں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان دفاعی طور پر مضبوط ہے اب معاشی طور پر مستحکم ہوناہے،ملک میں افراتفری کا مقصد ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنا ہے لیکن فوج اور سپہ سالار کے خلاف پروپیگنڈہ ہر گزقابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ با نی پی ٹی آئی کو چاہیے کہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرکے مسئلہ حل کرلیں ،ان کے اس رویے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہو جو ملکی سلامتی کے خلاف نکلتا ہے تو اس کے خلاف قانون راستہ بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم و فوج میں تقسیم کر نے کے لیے جھوٹا بیانیہ تخلیق کرے اس کے خلاف قانونی و آہنی ہاتھوں سے نمٹناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کیلئے امن معاہدہ ہوا کہ غزہ کی تعمیر نو ہوگی لیکن افسوس اسرائیل مسلسل معاہدہ کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آٹھ اسلامی ممالک جو معاہدہ میں شامل تھے انہوں نے کہ دیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر پابندیاں اور جبری ہجرت پر مجبورکرنا ناقابل قبول ہے۔