معاون خصوصی ہارون اختر خان  سے  چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے وفد کی ملاقات،  مقامی کاروباری اداروں اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال

9

اسلام آباد،18 دسمبر(اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے وفد سے ملاقات کی، جس میں چمن میں مقامی کاروباری اداروں اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹریز اور سی ای او اسمیڈا، محترمہ نادیہ جے سیٹھ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں چمن کی ایس ایم ایز کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے ہدفی وفاقی معاونت کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

چمن چیمبر کے نمائندگان نے اس امر پر زور دیا کہ تقریباً دس لاکھ آبادی، تجارت، ٹرانسپورٹ اور سرحد پار کاروبار کے باعث چمن ایک اہم ایس ایم ای حب بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ چمن چیمبر نے مطالبہ کیا کہ چمن انڈسٹریل زون کو تمام وفاقی صنعتی اسکیموں اور سپورٹ پروگرامز میں شامل کیا جائے۔

چیمبر نے صنعتی سرگرمیوں کے لیے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ حکومت کے تعاون سے کامن فسیلٹی سینٹر کے قیام کی تجاویز پیش کی گئیں تاکہ صنعتیں مشترکہ مشینری استعمال کر سکیں، جبکہ چمن میں ایکسپورٹ فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام کی بھی تجویز دی گئی۔

مقامی ویلیو چینز کو مضبوط بنانے اور برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایگرو پراسیسنگ اور کولڈ چین انڈسٹریز کی ترقی کے لیے تعاون کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے چمن چیمبر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ایس ایم ایز کے فروغ اور بااختیار بنانے کے وژن سے آگاہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ ملک بھر میں ہر ایس ایم ای کو سہولت فراہم کی جائے اور اس کی ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سرحد پار تجارت میں چمن چیمبر کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ چمن چیمبر کو تمام متعلقہ ترقیاتی پروگرامز اور کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا۔

ہارون اختر خان نے اعلان کیا کہ اسمیڈا اور پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر  کے تعاون سے چمن میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چمن بارڈر پر کامن فسیلٹی سینٹر کا قیام خطے میں کام کرنے والی ایس ایم ایز کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پہلے ہی ایگرو پراسیسنگ اور کولڈ چین منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ان اقدامات میں چمن کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اسمیڈا کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ادارے کو ہدایت کی کہ وہ چمن چیمبر کی مکمل سہولت کاری کرے اور ٹھوس نتائج یقینی بنائے۔

اجلاس کے اختتام پر ہارون اختر خان نے چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ایس ایم ایز کی ترقی اور فروغ کے لیے مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔