ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا صفائی نظام بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ اور آپریشنز میں تیزی

13

ملتان 04 دسمبر )اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد حسین بھٹی نے کہا ہے کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر میں صفائی کے نظام کو موثر اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے کنٹریکٹرز کی سخت مانیٹرنگ شروع کر دی ہے۔ کمرشل علاقوں، بازاروں اور اہم شاہراوں پر دو شفٹوں میں واشنگ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ صفائی کے معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ شہر کی مرکزی شاہراوں پر مکینکل سوئپرز اور واٹر باوزر کے ذریعے دھلائی جاری ہے، جس سے شہری ماحول پہلے سے زیادہ صاف اور صحت مند ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بھاری مشینری کے ذریعے کوڑا کرکٹ، ملبہ جات اور فالتو مواد کی صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ گنجان آباد علاقوں میں سرف کے ساتھ واشنگ اور آپریشن کلین اپ بھی تیزی سے جاری ہے۔سی ای او نے کمرشل مقامات اور دکانوں پر آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے اور تاجر برادری سمیت سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ شہر کو صاف رکھنے کیلئے کوڑا کرکٹ سڑکوں پر نہ پھینکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو ویسٹ فری بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

عابد حسین بھٹی نے مزید بتایا کہ شہر کے رہائشی اور مرکزی علاقوں سے بروقت کوڑا اٹھانے کیلئے سمارٹ پلان نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ ویسٹ انکلیوز اور لینڈ فل سائٹس کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، جس سے مجموعی صفائی نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔