اسلام آباد،26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمعہ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان تفصیلی اور بامعنی بات چیت ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا۔دونوں فریقین نے معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں باہمی فائدہ مند ترقی کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔











