وزیراعظم ہاؤس میں کرغزستان کے صدر کا پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

29

اسلام آباد، 4 دسمبر (اے پی پی): کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کا جمعرات کے روز وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور دونوں راہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں کرغزستان کے صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ کرغز صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

تقریب کے دوران کرغزستان کے صدر نے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف وزیراعظم شہباز شریف سے کرایا، جبکہ وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کو معزز مہمان سے متعارف کروایا۔ اس موقع پر صدر صادر ژپاروف نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا۔