اسلام آباد، 09 دسمبر )اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں، سرکاری اداروں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ملک میں اصلاحاتی اقدامات مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں آئی ایم ایف کے ای ایف ایف پروگرام کے دوسرے جائزے کی تکمیل ممکن ہوئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ تمام اداروں کی مشترکہ کوششیں اور نظم و ضبط نے معاشی انتظام اور استحکام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ روز پاکستان کے پروگرام کے دوسرے اور آر ایس ایف کے پہلے جائزے کی منظوری دے دی ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے باوجود پاکستان نے پروگرام پر مؤثر عملدرآمد برقرار رکھا، جس سے معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اس بات کو بھی سراہا ہے کہ پاکستان نے مشکل حالات میں فوری بین الاقوامی امداد کی ضرورت محسوس نہیں کی، جو حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں بہتر مالی اور بیرونی پوزیشن کی عکاسی ہے۔
انہوں نے تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مربوط کوششیں ملک میں معاشی استحکام کے حصول میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں، اور یہ اعتراف پاکستان کی مضبوط معاشی سمت کا اہم اشارہ ہے۔









