قاہرہ،03 دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈی۔ایٹ ممالک کے درمیان علاقائی اقتصادی انضمام کو مزید مضبوط بنانے اور ترجیحی تجارتی معاہدے کے مؤثر نفاذ پر زور دیا ہے۔
قاہرہ میں منعقدہ ڈی۔ایٹ وزرائے تجارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پاکستان ڈی۔ایٹ کے ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ڈی۔ایٹ تنازعات کے حل کے پروٹوکول پر دستخط کو تنظیمی مضبوطی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور عالمی معاشی عدم استحکام کے تناظر میں مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان کو ڈی۔ایٹ کے نویں رکن کے طور پر خوش آمدید کہا، اور تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تعاون، کسٹمز ہم آہنگی، فِن ٹیک، ای کامرس، خوراک کے تحفظ، توانائی، ٹیکسٹائل، زراعت اور نجی شعبے کے باہمی کاروباری روابط کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔











