وفاقی وزیر داخلہ ، وزیر مملکت برائے داخلہ کا کیپٹل ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر کا دورہ

19

‎اسلام آباد، 27 دسمبر ( اے پی پی):   وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کیپٹل ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیپٹل ایلیٹ ٹریننگ کورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کورس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

‎دورے کے دوران وزیر داخلہ اور وزیر مملکت نے راپلنگ سمیت دیگر فزیکل ٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا اور زیرِ تربیت اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کے ترقیاتی منصوبوں، پیشہ ورانہ امور اور دستیاب تربیتی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

‎وفاقی وزیر داخلہ نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کے افسران اور انسٹرکٹرز سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے موجودہ خطرات کے پیش نظر ایلیٹ فورس کی تربیت اور رسپانس ٹائم میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ ایلیٹ ٹریننگ سکول سیکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ زیرِ تربیت جوانوں کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تعریف ہیں۔

‎آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وفاقی وزیر داخلہ کو ایلیٹ ٹریننگ سکول میں جاری تربیتی سرگرمیوں، سیکیورٹی انتظامات اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ زیرِ تربیت اہلکاروں کی فائرنگ اسکلز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔