وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہائی کمشنر سے اہم ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال

20

اسلام آباد، 4 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی، جس میں پاک۔برطانیہ تعلقات، سیکورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو شہزاد اکبر اور عادل راجہ کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ ایکسٹرڈیشن دستاویزات پیش کیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بیرونِ ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد بھی برطانوی ہائی کمشنر کو فراہم کیے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان آزادی اظہارِ رائے پر مکمل یقین رکھتا ہے، تاہم فیک نیوز ہر ملک کے لیے سنگین مسئلہ ہے۔ کسی بھی ملک میں ریاست اور اداروں کے خلاف بے بنیاد بہتان تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واپسی کے لیے برطانوی تعاون قابلِ تحسین ہوگا۔ وزارتِ داخلہ نے وزارتِ خارجہ کے ذریعے باضابطہ ایکسٹرڈیشن پراسیس بھی شروع کر دیا ہے۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔