وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے چینی وفد کی ملاقات: پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال

14

اسلام آباد، 9دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ سے ہیبی جوہانگ انرجی ٹیکنالوجی  کے اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کو ملاقات کی جس میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چینی کمپنی کے مجوزہ سرمایہ کاری منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی جدت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شمسی توانائی اور متعلقہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل کے توانائی نظام کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔وزیر نے بتایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ چینی سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کر رہا ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے لیے 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ سمیت پرکشش مراعات دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام اور بہتر سرمایہ کاری ماحول پیدا ہو چکا ہے اور حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

قیصر احمد شیخ نے مزید بتایا کہ بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹر کے تحت سنگل ونڈو نظام سرمایہ کاروں کو تیز رفتار منظوری، دستاویزات تک رسائی اور کاروباری آسانیاں فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کی بدولت پاکستان خطے میں ایک پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے ستمبر 2025ء میں منعقدہ چائنا بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کے ثمرات کا بھی حوالہ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان متعدد مشترکہ منصوبے تشکیل پا رہے ہیں اور باہمی اقتصادی تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ان کی قیادت میں سرمایہ کاری کے فروغ، شفافیت، کاروباری آسانیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔