اسلام آباد، 23 دسمبر ( اے پی پی): وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے بتایا ہے کہ پاکستان ریلویز نے 2025 میں 93 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا۔ ان کے مطابق مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی میں 50 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے جبکہ مالی سال کے اختتام پر پاکستان ریلویز اپنی تاریخ میں پہلی بار 1 کھرب روپے آمدن کا سنگِ میل عبور کرے گا۔
سیفٹی کے شعبے میں بڑی بہتری آ گئی ہے۔ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کرنے کے بعد حادثات کی شرح 0.09 فیصد سے کم ہو کر 0.04 فیصد رہ گئی ہے اور ڈائریکٹوریٹ بننے کے بعد ریلوے کو کسی سیریس نوعیت کے حادثے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 2025 میں راولپنڈی کو ملک کا پہلا سمارٹ ریلوے اسٹیشن بنا دیا گیا ہے جہاں جدید کیمرے اور سکیورٹی سسٹم نصب ہیں، جبکہ 2026 میں دیگر بڑے اسٹیشن بھی سمارٹ بنائے جائیں گے۔ ٹرینوں میں کیمرے لگانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اپ گریڈیشن کے حوالے سے وزیرِ ریلوے نے کہا کہ صرف 8 ماہ میں ٹرینوں کے 8 ریکس کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جن میں شالیمار، پاک بزنس، لاثانی اور فیض احمد فیض ٹرینیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر 2026 تک پاکستان ریلویز کی تمام ٹرینوں کو اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشن بھی اپ گریڈ کیے جا چکے ہیں۔
ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں پاکستان ریلویز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور وزارت کا تمام کام ای فائلنگ پر منتقل ہو چکا ہے۔ تمام بڑے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم، ڈی وی ایم اور پی او ایس مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ حاضری کا نظام بھی کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے اور بغیر دفتر آئے تنخواہ حاصل کرنا ممکن نہیں رہا۔
تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2025 میں قابضین سے 394 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔ وزیرِ ریلوے کے مطابق دسمبر 2026 تک ریلوے کی تمام اراضی قابضین سے واگزار کرا لی جائے گی۔
آؤٹ سورسنگ کے تحت تین ریلوے اسکول آؤٹ سورس کر دیے گئے ہیں جبکہ دیگر اسکول آئندہ چھ ماہ میں آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔ گیارہ مزید ٹرینیں بھی آؤٹ سورس ہونے جا رہی ہیں۔ لاہور، خانیوال، ملتان، کراچی اور راولپنڈی اسٹیشنوں کی صفائی کا انتظام آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان اسٹیشنوں پر رات 12 بجے بھی صفائی کا عمل جاری رہتا ہے۔
دیگر اقدامات میں اسٹیشنوں پر کھانے کے معیار کو بہتر بنایا گیا ہے جسے صوبائی فوڈ اتھارٹیز کسی بھی وقت چیک کر سکتی ہیں۔ کراچی تا روہڑی نئے ٹریک کے منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے اور اس منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ جولائی میں کی جائے گی۔











