ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہے،بیماریوں کی روک تھام پر توجہ ناگزیر ہے،وفاقی وزیر صحت

11

اسلام آباد، 30 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کا صحت کا نظام بغیر کسی وبا کے بھی شدید دباؤ کا شکار ہو رہا ہے،جب ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں لوگ بیمار پڑتے ہیں تو دنیا کی بڑی معاشی طاقتیں بھی اس بوجھ کو برداشت نہیں کر سکتیں اور پاکستان جیسی معیشت کے لیے یہ خطرہ کہیں زیادہ ہے۔

 اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے محض مزید اسپتال بنانے یا ڈاکٹر تعینات کرنے سے بات نہیں بنے گی بلکہ بیماریوں کی روک تھام پر سنجیدہ اور فوری توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے اینٹی بایوٹکس کے بے جا استعمال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس رجحان نے انسانی قوت مدافعت کو کمزور کر دیا ہے جس کے باعث علاج مؤثر نہیں رہا۔

مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ صحت کے نظام کی درست تشخیص کے بغیر مؤثر علاج ممکن نہیں اور اس مقصد کے لیے واضح پالیسی سازی اور قانون سازی ناگزیر ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو سیاسی بحث سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد میں اجاگر کرے تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو اور لوگ اپنی صحت کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بحران معیشت دفاع اور قومی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے اور اس کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔