انسدادِ دہشت گردی فورس ٹریننگ اسکول کوئٹہ میں 19ویں بیسک کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب

9

کوئٹہ01 جنوری (اے پی پی):انسدادِ دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) ٹریننگ اسکول کوئٹہ میں 19ویں بیسک کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 124 اہلکاروں پر مشتمل بیسک کورس اور 118 اہلکاروں پر مشتمل ریفریشر کورس کے جوانوں نے تربیت کامیابی سے مکمل کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ دہشت گردی اور منظم جرائم پولیس کو درپیش بڑے چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت، جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ان واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور چند مفاد پرست عناصر بیرونی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے صوبے کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔آئی جی پولیس نے کہا کہ مفاد پرست عناصر کی کارروائیوں کے نتیجے میں معصوم شہری جان سے جا رہے ہیں، جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس جرائم پیشہ افراد کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرے گی جبکہ عوام کے ساتھ خلوص، احترام اور ہمدردی پر مبنی سلوک کیا جائے گا۔محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے چالیس ہزار اہلکاروں میں سے ایک ہزار سے زائد جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہو چکے ہیں، جو کسی بھی قوم کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہمیں کسی کے بہکاوے میں آئے بغیر ملک کا دفاع کرنا ہے اور عوام کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جسمانی تربیت، وسائل اور بہادری تینوں ضروری ہیں اور بلوچستان پولیس کی بڑی تعداد اس جنگ میں مصروفِ عمل ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں پولیس کی کوششیں چار سے پانچ گنا بڑھ چکی ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

آئی جی پولیس نے بتایا کہ اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں اب تک 18 بیسک کورسز مکمل کرائے جا چکے ہیں جبکہ چار ہزار سے زائد جوان تربیت حاصل کر کے اپنے اضلاع میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی ایف الاؤنس میں بہتری لائی گئی ہے اور آئندہ مزید اضافہ بھی کیا جائے گا تاکہ اہلکار بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے آئی جی محمد طاہر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ جوان عوام کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور قوم کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں جوانوں کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔