راولپنڈی، 12 جنوری(اے پی پی): جمہوریہ انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجام الدین نے آج راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عین و عالمی سلامتی کی حرکیات کو فروغ دینے اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے راہوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کی۔
دونوں اطراف نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ادارہ جاتی روابط، تربیتی تعاون اور دفاعی صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈونیشیا کے ساتھ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور تزویراتی مفادات کے ہم آنگی پر مبنی مضبوط اور پائیدار دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
معزز مہمان، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجام الدین نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے انڈونیشیا کی پاکستان کے ساتھ متعدد شعبوں میں دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران، دونوں فریقوں نے دفاعی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں تربیتی تعاون، مشترکہ مشقیں اور دفاعی صنعتی تعاون شامل ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔











