اسلام آباد 5 جنوری (اے پی پی)او آئی سی کامسٹیک کے زیرِ اہتمام 19ویں براق اسپیس کیمپ کی اختتامی تقریب پیر کے روز کامسٹیک سیکرٹریٹ، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم، سفارت کاروں اور نوجوان طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے آغاز چیئرمین براق سوسائٹی و کامسٹیک کے سینئر اعزازی مشیر میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ براق سوسائٹی گزشتہ کئی برسوں سے نوجوانوں کو خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں عملی تربیت فراہم کر رہی ہے، جو مستقبل کی سائنسی ترقی اور اختراع کے لیے نہایت اہم ہے۔
اپنے خطاب میں کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ خلائی سائنس و ٹیکنالوجی جدید دور میں مواصلات، موسمیاتی نگرانی، قدرتی آفات سے نمٹنے زراعت اور پائیدار ترقی میں خصوصاً ترقی پذیر ممالک کے لیے
کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ براق اسپیس کیمپ جیسے پروگرام نوجوانوں کو مستقبل کے سائنسی چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کامسٹیک اس پروگرام کو وسعت دینے کے لیے او آئی سی کے مختلف رکن ممالک کے ساتھ روابط قائم کرے گا تاکہ اس طرز کے کیمپ دیگر ممالک میں بھی منعقد کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ براق اسپیس کیمپ کا آغاز 29 دسمبر 2025ء کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں ہوا تھا، جس میں 40 شارٹ لسٹ طلبہ نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی۔ انہوں نے او آئی سی کامسٹیک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے نوجوانوں کو درست سمت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری دراصل ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل پاکستان کی جانب گامزن ہے اور حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل (سائنس و ٹیکنالوجی) آفتاب احمد کھوکھر نے او آئی سی کامسٹیک اور براق سوسائٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ او آئی سی رکن ممالک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
اس موقع پر ہادیہ عثمان، بیس کمانڈر 2025، براق سوسائٹی نے کیمپ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء کے جوش و جذبے اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ عثمان یوسف، وائس چیئرمین براق سوسائٹی نے نوجوانوں کے لیے خلائی سائنس اور متعلقہ شعبوں میں کیریئر کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
انیسواں براق اسپیس کیمپ نوجوانوں میں خلائی سائنس کے فروغ، باہمی تعاون اور پاکستان سمیت او آئی سی رکن ممالک میں سائنسی استعداد سازی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔











