اسلام آباد، 31 جنوری ( اے پی پی): نوجوانوں میں اتحاد، نظم و ضبط، کھیلوں کے فروغ اور حب الوطنی کے جذبے کو مضبوط بنانے کے لیے ایمان پاکستان کے زیر اہتمام “بنیانُ المرصوص ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ” پنجاب کرکٹ کلب، G-9/2، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ایونٹ کا مقصد کھیل کے ذریعے قومی ہم آہنگی، ٹیم ورک، برداشت اور نوجوانوں کی بااختیاری کا پیغام عام کرنا تھا تاکہ نئی نسل مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہو اور صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔
اعصاب شکن مقابلوں کے بعد اواران واریئرز کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پشین لائنز دوسری پوزیشن پر رہی۔
ٹورنامنٹ کی آرگنائزر ممبر بلوچستان اسمبلی اور صدر ویمن ونگ بلوچستان عوامی پارٹی (BAP) فرح عظیم شاہ نے اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ قوم سازی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ اس طرح کے ٹورنامنٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں، ان میں خوداعتمادی پیدا کرتے ہیں اور انہیں ٹیم ورک کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کھیل کے ذریعے بلوچستان سمیت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو آگے لانا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے جبکہ بلوچستان کا مثبت چہرہ لوگوں کو دکھانا ہے۔
ہم مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھیں گے تاکہ کھیل کے میدان میں نئی صلاحیتیں سامنے آ سکیں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنما دانیش کمار اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن جلال خان تھے، جنہوں نے ایونٹ کی اہمیت کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کے لیے ایسے پروگرامز کے تسلسل پر زور دیا۔
تقریب میں سیاسی، سماجی اور کھیلوں سے وابستہ معزز شخصیات، کھلاڑی، کوچز، صحافی اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔











