بین الاقوامی قانون کے احترام میں کمی تیزی سے تنازعات، انسانی بحرانوں اور کثیرالجہتی تعاون کی کمزوری میں ڈھلتی جا رہی ہے،سفیر عاصم افتخار احمد

11

اقوامِ متحدہ، 27 جنوری ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی کھلے مباحثے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے احترام میں کمی تیزی سے تنازعات، انسانی بحرانوں اور کثیرالجہتی تعاون کی کمزوری میں ڈھلتی جا رہی ہے۔بین الاقوامی سطح پر قانون کی حکمرانی کی توثیق کوئی مجرد یا نظری قانونی مشق نہیں، بلکہ امن، انصاف اور اجتماعی سلامتی کے لیے ایک ناگزیر شرط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم، پُرامن اور نتیجہ خیز بین الاقوامی نظامِ عمل صرف اسی صورت برقرار رہ سکتا ہے جب قانون کی حکمرانی کو منصفانہ، مستقل، جرات مندانہ اور بلا امتیاز انداز میں نافذ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی اصولوں کے Selective اطلاق، معاہداتی ذمہ داریوں کے زوال اور یک طرفہ اقدامات نے ریاستوں کے مابین اعتماد کو مجروح کیا ہے اور اقوامِ متحدہ کے منشور پر مبنی کثیرالجہتی نظام کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ جب قانون طاقت یا مصلحت کے آگے جھک جاتا ہے تو عدم استحکام گہرا ہو جاتا ہے، تنازعات مزید جڑ پکڑ لیتے ہیں اور پُرامن بقائے باہمی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون اور کثیرالجہتی نظام پر غیر متزلزل یقین رکھنے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان تنازعات کے پُرامن تصفیے کے لیے پُرعزم ہے۔