ترک چیف آف ڈیفنس فورسز کی وزیرِ دفاع سے ملاقات

9

اسلام آباد، 30 جنوری (اے پی پی): ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بیرقدار اوغلو نے جمعہ کو وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ تاریخی دوستانہ تعلقات اور برادرانہ روابط کا اعادہ کیا، جو مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

ترک چیف آف ڈیفنس فورسز نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ معزز مہمان نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ترکی کے عزم کا اظہار کیا اور تنازعات سے بچاؤ، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کے فروغ پر زور دیا۔

وزیرِ دفاع نے بالخصوص مشکل اوقات میں ترک قیادت اور عوام کی مستقل حمایت اور اصولی مؤقف پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے، تحمل اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سلامتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کا اختتام پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا، جو اسٹریٹجک ہم آہنگی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاس ہے۔