خیبرپختونخوا میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس

10

اسلام آباد ، 29جنوری(اے پی پی ):  صوبہ خیبرپختونخوا بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن، شانگلہ اور سوات میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی سہولت کو بہتر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام، ٹیلی کمیونیکیشن اداروں اور موبائل کمپنیوں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں درپیش مواصلاتی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں یونیورسل سروس فنڈ (USF) کے تحت 1.3 ارب روپے کی لاگت سے ایک نئے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس پر رواں سال کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت ملاکنڈ ڈویژن، شانگلہ ، بونیر اور سوات میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کی سہولت کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جائے گا۔

وفاقی وزرا نے پی ٹی سی ایل اور تمام متعلقہ موبائل کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سروسز کے معیار کو بہتر بنائیں اور عوام کو بلا تعطل اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ڈیجیٹل رابطوں کی بہتری کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ تعلیم، صحت، کاروبار اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔