اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعرات کو تھائی لینڈ کےسفیر رونگ وُدھی ویرا بُوتر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے تھائی لینڈ میں آنے والے سمندری طوفان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور مذاہب کا گہوارہ ہے، ہر سال بڑی تعداد میں بدھ مت، سکھ اور دیگر مذاہب کے پیروکار پاکستان میں مقدس مقامات کی زیارت کے لئے آتے ہیں، یہاں گندھارا تہذیب کے متعدد اہم آثارِ قدیمہ موجود ہیں۔ ا
نہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ایک عالمی اور مشترکہ چیلنج ہیں ، موسمیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اجتماعی اور مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، قومی اسمبلی میں خواتین اراکین پر مشتمل ویمن پارلیمنٹری کاکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،ویمن پارلیمنٹری کاکس خواتین کے حقوق، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ ملے گا،قومی اسمبلی میں قائم پاک-تھائی لینڈ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے درمیان روابط کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے
۔تھائی لینڈ کے سفیر رونگ وُدھی ویرا بُوتر نے پارلیمانی رابطوں کے فروغ سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کی تجاویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور تھائی لینڈ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، تھائی لینڈ پاکستان میں سماجی ترقی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہا ہے،تھائی لینڈ کے تعاون سے پاکستان میں متعدد سماجی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔تھائی لینڈ کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔











