ضلعی انتظامیہ ملتان گڈ گورننس ماڈل پر عملدرآمد کیلئے متحرک، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی؛ ڈپٹی کمشنر

15

ملتان،19 جنوری (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ گڈ گورننس ماڈل پر مؤثر عملدرآمد کیلئے متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیقی کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیقی نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی، بیوٹیفکیشن اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بلاجواز تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے تمام واٹر پیوریفکیشن پلانٹس فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات میں بہتری کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں گڈ گورننس کے اصولوں کے تحت ضلعی محکموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے، بین المحکماتی رابطہ مؤثر کرنے اور جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔