سکھر،02جنوری(اے پی پی): میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے ڈیجیٹل پلانٹیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔نئے سال کے آغاز پر میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے دعا کی کہ سال 2026ءملک و قوم کے لیے امن، خوشحالی، استحکام اور مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہو۔
ڈیجیٹل پلانٹیشن مہم کا افتتاح کرتے ہوئے میئر سکھر نے اعلان کیا کہ شجرکاری کے عمل کو موثر، شفاف اور پائیدار بنانے کے لیے سکھر میں ڈیجیٹل پلانٹیشن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت لگائے جانے والے پودوں کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے رجسٹر، مانیٹر اور ٹریک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد صرف پودے لگانا نہیں بلکہ ان کی بقا، نگہداشت اور ماحولیاتی اثرات کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل پلانٹیشن مہم کے لیے خصوصی وہیکلز کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ پودوں کی بروقت ترسیل، شجرکاری، نگرانی اور دیکھ بھال کو موثر بنایا جا سکے اور شہر کے مختلف علاقوں میں یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم میں نوجوانوں، طلبہ، سول سوسائٹی اور ہر شہری کی شمولیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی، اور انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شہری کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی حفاظت کو اپنی اخلاقی اور شہری ذمہ داری سمجھے۔
میئر سکھر نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ اور بلدیاتی ادارے ماحولیاتی تحفظ، گرین بیلٹس کے فروغ اور پائیدار شہری ترقی کے اقدامات کے ذریعے اقوام متحدہ کے سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز کے حصول کے لیے بھی سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہے ہیں۔











