وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، انجینئر امیر مقام

17

مردان، 01 جنوری (اے پی پی ):   وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم صرف ایک لیپ ٹاپ نہیں بلکہ یہ اپنے نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور  روزگار فراہم کرنا ہے، ان شاءاللہ جلد مہنگائی کی شرح منفی پر آجائے گی۔گزشتہ سال دفاعی لحاظ سے  پاکستان کے لئے بہت اچھا اور تاریخی سال رہا، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طلبہ میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جذبہ نوجوانوں کو بااختیار اور باوقار بنانا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سوچ اور وژن طلبہ اور یوتھ کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ پنجاب کی طرح خیبرپختونخوا کے بچوں اور نوجوانوں کے لئے دانش سکول کی طرح اعلیٰ تعلیم کے مواقع ہونے چاہیئں ، خیبر پختونخوا کے عوام دہشتگردی سے بہت متاثر ہوئے ہیں ان کے لئے تعلیم اور روزگار کے مواقع ہونے چاہیئں ، صوبائی حکومت کو بھی نوجوانوں پر انوسٹمنٹ کرنی چاہیئے۔