اسلام آباد، 29 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری سے اے ڈی پورٹس گروپ کے وفد نے ملاقات کی جس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں جاری منصوبوں اور بندرگاہی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران کے جی ٹی ایل اور کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینلز پر کارگو ہینڈلنگ بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اے ڈی پورٹس کے ٹرمینلز پر کاروبار دوست اور مسابقتی چارجز ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بندرگاہی نظام میں میکانائزیشن اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور میکانائزیشن کے لیے درکار آلات کی خریداری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اے ڈی پورٹس گروپ نے کارگو ہینڈلنگ چارجز پر نظرثانی پر آمادگی کا اظہار کیا۔ اس مقصد کے لیے کارگو چارجز کے تعین پر مذاکراتی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی سربراہی میں سات روز کے اندر سفارشات پیش کرے گی۔











