اسلام آباد ،5جنوری(اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبد الحمید کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان سکیورٹی، انسدادِ منشیات اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں مجرموں کی منتقلی، حوالگی اور انسدادِ منشیات کے شعبے میں باہمی تعاون سے متعلق معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر مملکت نے ویزہ پابندیوں کے خاتمے کے ذریعے پاکستان اور مصر کے درمیان عوامی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ملکوں کو اپنے تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے۔
سفیر مصر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرائی دینے کے لیے تیار ہے۔











