کوئٹہ، 16جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فرنٹیئر کوربلوچستان نارتھ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا افسران سے تعارف کرایا۔ اس کے بعد انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے فورس کی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قیام امن کیلئے فرنٹیئر کور نارتھ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایف سی بلوچستان نارتھ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کی قیام امن کے لیے قربانیاں انمٹ ہیں۔











