وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دورہ چین کے پہلے مرحلے میں شنگھائی پہنچ گئے ، سپشل پولیس فورس بیورو کا دورہ

10

شنگھائی ،05 جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چین کے دورے کے پہلے مرحلے میں شنگھائی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے شنگھائی کے سپشل پولیس فورس بیورو کا دورہ کیا، جہاں چیف آف کمانڈنگ سنٹر سپشل پولیس فورس بیورو مسٹر ژیاو نے انہیں خیر مقدم کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی سپشل پولیس فورس بیورو کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فورس کے زیر استعمال اے پی سی، بم ڈسپوزل یونٹ کے آلات اور جدید اسلحہ دیکھا۔ انہوں نے واٹر کنین اور دیگر آلات کا بھی معائنہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سپشل فورس کی پیشہ وارانہ مہارت اور تربیت کے عملی مظاہرے دیکھے۔ انہوں نے شنگھائی سپشل پولیس فورس کے مارشل آرٹ کا مظاہرہ دیکھا اور اسے قابل تحسین قرار دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی سپشل پولیس فورس اور اسلام آباد پولیس فورس کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے شنگھائی سپشل پولیس فورس کی تربیت کے اعلی معیار کو سراہا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی ہمراہ تھے۔